امریکی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت، اسرائیلی جرائم میں امریکا برابر مجرم ہے، حماس

مقبوضہ غزہ:اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے امریکی وزیرخارجہ انٹنی بلنکن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں امریکا برابر کا مجرم ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی طرف سے یہ کہنا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے یہ قابض صہیونی ریاست کو فلسطینیوں کے قتل عام، جارحیت اور مظالم جاری رکھنے کی حمایت کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن کھلم کھلا اندھے تعصب کا شکار ہے جو فلسطینیوں کے بجائے اسرائیل کے دفاع کیحق کی حمایت کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی مجرم بم گرا کر فلسطینیوں کو ان کے گھروں کے اندر دفن کررہے ہیں۔ طاقت کا استعمال کرکے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مسجد اقصی پر یہودی آباد کاروں کے حملے جاری ہیں۔ فلسطین میں صحافیوں کے ہاتھ اور پاؤں توڑے جا رہے ہیں اور اس کے باوجود امریکا آنکھوں پر پٹی باندھ کر صرف قابض اور ظالم ریاست کو دفاع کا حق دے رہا ہے۔حماس کا کہنا تھا کہ قابض دشمن کو نہیں بلکہ دفاع کا حق فلسطینیوں کو حاصل ہے جنہیں دنیا کے جدید ترین اور انتہائی مہلک ہتھیاروں سے حملوں کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں