ای سی سی اجلاس، ملک میں گندم کے ذخائر کو پورا کرنے کیلئے30لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد

اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے ملک میں گندم کے ذخائر کو پورا کرنے کیلئے30لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے اور خیبرپختونخوا حکومت کو مزید5لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی ہے،اجلاس میں کراچی کوسٹل پاور پروجیکٹ سمیت مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے مجموعی طور پر56ارب57کروڑ روپے سے زائد سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔بدھ کے روز وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر،وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی،وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن عمرایوب خان،وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز علی حیدر زیدی،وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام،وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو،وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد،مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر،معاون خصوصی برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر وقار مسعود،گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی وزارت نیشنل فوڈ کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو 5لاکھ میٹرک ٹن گندم دینے کی منظوری دیدی ہے اور اس کے علاوہ کمیٹی نے درآمد شدہ 5لاکھ میٹرک ٹن گندم بھی خیبرپختونخوا حکومت کو دینے کی منظوری دی ہے۔ای سی سی نے این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے پالیسی کی بھی منظوری دیدی ہے جس کے تحت این جی اوز کی رجسٹریشن کا طریقہ60دنوں میں مکمل کی جائے گی،نئی پالیسی کے نفاذ سے ملک میں اچھی شہرت کے حامل این جی اوز کو عوامی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے میں آسانی ہوگی۔ای سی سی نے وزارت توانائی کی جانب سے گیسولین کی منتقلی کے دوران ہونے والے0.5فیصد آپریشنل نقصانات کی بھی منظوری دیدی ہے۔ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کی جانب سے 30لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی بھی منظوری دیدی ہے تاکہ ملک میں گندم کے ذخائر کو پورا کیا جاسکے۔ای سی سی نے امریکہ میں پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کے خسارے اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے کیلئے1کروڑ73لاکھ ڈالرز فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ای سی سی نے پی آئی اے ایل بورڈ،نجکاری کمیشن، ایوی ایشن ڈویژن اور وزارت خزانہ کی روز ویلٹ ہوٹل کے مستقبل بارے جامع منصوبہ 1ماہ میں تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ای سی سی اجلاس میں گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی کی مد میں 1ارب 37کروڑ روپے،وزارت صنعت وپیداوار کیلئے3کروڑ20لاکھ روپے،ایس این جی پی ایل کے ماہ مئی2021ء کے واجبات کی ادائیگی کیلئے1ارب60کروڑ روپے،وزارت اطلاعات کو27کروڑ41لاکھ روپے،پاک افغان بارڈر کی سیکورٹی کیلئے وزارت داخلہ کو57 کروڑ روپے،وزارت بحری امور کیلئے5کروڑ63 لاکھ روپے،پاکستان نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے14 کروڑ50لاکھ روپے،محصولات ڈویژن کیلئے2ارب46کروڑ روپے،پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے83کروڑ40لاکھ روپے اور کراچی کوسٹل پاور پروجیکٹ کیلئے49ارب سے زائد سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی ہے#/s#(اعجاز خان)

اپنا تبصرہ بھیجیں