صوبائی حکومت اور بلوچستان ایمپلائز اینڈ گرینڈالائنس کے درمیان مذاکرات کامیاب

کوئٹہ:حکومت بلوچستا ن اور بلوچستان ایمپلائز اینڈ گرینڈالائنس کے درمیان مذاکرات کامیاب حکومت نے ملازمین کو 15فیصد ڈسپیریٹی الاونس اور 10فیصد تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی اور بلوچستان ایمپلائز گرینڈالائنس کے کنوینئر عبدالمالک کاکڑنے سول سیکرٹریٹ کے سکندرجمالی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حبیب الرحمن مردان زئی،داد محمد بلوچ،محمدیونس کاکڑسمیت دیگر رہنمابھی موجود تھے صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوربلیدی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کریں گے جس میں کوشش کی گئی ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین حکومت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں سرکاری امور چلانے میں انکا کلیدی کردار ہے اورانکے کردار کو کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کرسکتے ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ بالکل جائز تھا جس کا جائزہ لیااور فیصلہ ہوا ہے کہ کل 25فیصد تنخواہوں میں اضافہ ہوگا جس میں 15فیصد ڈسپیریٹی الاونس اور 10فیصد تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے بغیر حکومتی مشینری چلانا ناممکن ہے مہنگائی کی وجہ سے ملازمین پر بھی بوجھ آیا ہے جس کا ہمیں بخوبی ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کے دیگر مطالبات پر کمیٹیاں قائم ہیں وقتاً فوقتا ً وہ مسائل بھی حل ہورہے ہیں جلد ہی جن کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ حکومتی معاشی حالات کو مدنظررکھتے ہوئے مزید 10فیصد پر بھی غور کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ وہ حکومت کو الجھائے حکومت نے ترقیاتی مد میں تمام حلقوں کو یکساں توجہ دی ہے اپوزیشن کی جانب سے تاثر دیا جارہا ہے کہ فنڈز لیپس کرکے وفاق کو واپس کئے جارہے ہیں ایسا ممکن نہیں ہے ہزاروں منصوبوں میں سے بعض میں فنڈز تکنیکی وجوہات،قانونی معاملات سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے خرچ نہیں ہوپاتے جنہیں پیچیدگیاں دور ہونے کے بعد خرچ کیا جاتا ہے یہ پیسے حکومت کے اکاونٹ میں رہتے ہیں 40ارب روپے خرچ نہ ہونے کا فگر درست نہیں البتہ اس میں کمی بیشی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے معاملات اسمبلی میں حل ہونے چاہئے اپوزیشن کا عدالت جانامناسب نہیں تھا اور وہ بعد میں عدالت کو بھی مطمئن نہیں کرسکے اپوزیشن سے بھی ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کیلئے 6بلین کا انشورنس پلان اپنا گھر اسکیم لائے ہیں ملازمین کے مسائل انکا حق اور اپنا فرض سمجھ کر حل کئے اس میں فتح یا شکست کا تاثر نہیں ہونا چاہئے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان ایمپلائز گرینڈالائنس کے کنوینئر عبدالمالک کاکڑ نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ حکومت مالی مشکلات کا شکار ہے ہمیں مسائل کاادراک ہے لیکن ملازمین کے مسائل بھی جائز تھے تنخواہوں میں اضافے سے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا ہے 17نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کے بہت سے نکات کے منٹس پر دستخط ہوچکے ہیں ہم 4سے 6ماہ میں مزید 10فیصد اضافے کیلئے بھی بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ملازمین کے معاشی،گھروں کی تعمیر،اپ گریڈیشن،سروس اسٹرکچر کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے مطالبے پر عملدرآمد کیا ہم آج ہونے والے احتجاج کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں