جاپانی کمپنی کا پاکستان میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
اسلام آباد:جاپانی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جاپانی کمپنی پاکستان میں چوتھا ایل این جی ٹرمینل لگانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہوگئی۔ جاپانی کمپنی مٹسوبشی نے پاکستان میں چوتھا ایل این جی ٹرمینل لگانے کے منصوبے کے لیے 3سوملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔یہ منصوبہ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ جاپانی کمپنی مٹسوبشی نے 3 سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمینل پورٹ قاسم میں لگایا جائے گا اور یہ منصوبہ 2 سال میں مکمل ہوگا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ٹرمینل پر90 ایل این جی کارگو شپ لنگر انداز ہو سکیں گے، ٹرمینل کے لیے 24 کلومیٹرطویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ جبکہ براہ راست سرمایہ کاری میں کمی دیکھنے میں آئی ہے- رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 107فیصد اضافہ ہوا جب کہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 28فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں بیرونی سرمایہ کاروں نے ملکی نجی شعبے میں براہ راست 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کہ اسٹاک مارکیٹ سے 48 لاکھ ڈالر اور ملکی سرکاری شعبے سے 52 لاکھ ڈالر نکالے گئے، یوں مئی میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 18 کروڑ 83 لاکھ ڈالر رہا۔رواں مالی سال جولائی تا مئی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری107 فیصد اضافے سے 3 ارب 92 کروڑ 46 لاکھ ڈالر رہی،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 89 کروڑ 49 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔رواں مالی سال براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری27.7فیصد کی کمی سے ایک ارب 75 کروڑ ڈالر رہی،گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری دو ارب 42 کروڑ ڈالر رہی تھی۔رواں مالی سال پورٹ فولیو سرمایہ کاری 19.5 فیصد کمی سے منفی 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی جب کہ غیرملکی پبلک انوسٹمنٹ 2 ارب 46 کروڑ 79 لاکھ ڈالر رہی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال حکومت نے عالمی سطح پر سکوک اور یورو بانڈ فروخت کیے جس میں مالی سال کے 11 ماہ میں 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔


