وزارت داخلہ نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشید نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر میں حکومت بنائے گی اور وزیر اعظم عمران خان انتٰخابی مہم کے لیے وہاں جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہ عمران خان کے ہمراہ میں بھی ہوں اور ہم انتخابی نشان ’بلے‘ کے لیے مہم چلائیں گے۔

انہوں نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’چمن بارڈر کو یکم سے الیکٹرانک کر دیں گے جبکہ این سی او سی طورخم سرحد ان لوگوں کے لیے کھولی جارہی ہے جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے‘۔

شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کرکے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کروں گا تاکہ طورخم سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوسکے جو سعودی عرب جانا چاہتے تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کے لیے ایلین کارڈ پر بینک اکاؤنٹ کھولنے، کاروبار، سسم کارڈ اور سفری سہولیتیں میسر ہوں گی‘۔

شیخ رشید نے کہا کہ ’اگر ان کا ویزا ختم ہوجائے تو وہ بھی وزارت داخلہ سے رابطہ کرکے اجازت حاصل کرسکتے ہیں اور وزارت داخلہ نے تمام غیرملکی کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ دنوں میں ایک افغان گروہ گرفتار کیا جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تھا، ہماری کوشش ہے کہ جو صورتحال بن رہی ہے اس میں ہر غیرملکی کا اندراج ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، اگر کابینہ انہیں کالعدم قرار دیتی ہے تو تنظیم کالعدم ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں