لبنان میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ،پائیلٹ سمیت تین افراد ہلاک
بیروت:لبنان میں ایک چھوٹا تربیتی طیارہ دوران پرواز پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔حادثے میں طیارے میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنان کے شہری ہوابازی کے ذرائع نے بتایاکہ یہ چھوٹا طیارہ دارالحکومت بیروت سے شمال میں واقع پہاڑی ضلع کسروان میں گر کر تباہ ہوا۔ذرائع نے ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ اس میں سوار پائلٹ اور دو مسافر ہلاک ہوگئے لیکن سرکاری طور پر ان کی ہلاکت کی ابھی تصدیق نہیں کی گئی۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سیسنا172 لبنان کی فلائٹ ٹریننگ فرم اوپن اسکائی ایوی ایشن کا ملکیتی تھا۔اس نے جمعرات کی دوپہر ڈیڑھ بجے اڑان بھری تھی اور پرواز کے 20 منٹ کے بعد ضلع کسروان میں واقع گاؤں غوستہ میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔زیاد معلوف نامی ایک عینی شاہد نے بتایا کہ علاقے میں فضا بہت دھندلی تھی۔طیارہ ایک مکان کے اوپر چٹانوں سے ٹکرایا تھا۔اس کے بعد دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔ پھر جب ہم جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں طیارے میں سوار افراد کی لاشیں پڑی تھیں۔


