خضدار,بارش سے فصلات ، شمسی سسٹم تباہ

خضدار(نامہ نگار) خضدار میں بارش،ندی نالوں میں طغیانی بیشتر علاقوں میں مالی نقصانات رونماء ہوئے، سب سے زیادہ نقصان دور افتادہ علاقہ سارونہ میں رپورٹ ہوئی ہے، زمینداروں کے فصلات کو نقصان شمسی سسٹم تباہ اور کچی مکانات متاثر ہوئے ہیں سارونہ میں حفاظتی بند بھی ٹوٹ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز سے شروع ہونے والی بارش اور زیادہ پانی کے بہائو سے خضدار کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ نقصانات کا سب سے زیادہ اندازہ خضدار کے دور دراز علاقہ سارونہ میں لگایا گیا ہے۔ جہاں بارش اور ندی نالوں میں پانی کے بڑے ریلے آنے کی وجہ سیکھڑی فصلات پیاز اور کپاس کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، زمینداروں کے شمسی توانائی سسٹم بارش کے پانی اور طوفانی ہوائوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر تباہ ہوچکا ہے، شہر سارونہ کا حفاظتی بند بھی ٹوٹ چکا ہے جس کی وجہ سے کچی آبادی زیر آب آچکی ہے کئی گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہیوہاں کے رہائشی کھلے آسمان تلے رہائش پر مجبور ہیں۔ حاجی عبداللہ گوٹھ، شہر سارونہ، اندڑھ گوٹھ، موضع، پل، عبدالغفور گوٹھ میں پانی آنے کی وجہ سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ دریں اثناء لیویز فورس امدادی کاروائیوں میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہے، لیویز کے جوان لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرخضدار بشیر احمد نے ماتحت عملے کو ہدایت جاری کردی ہے بارش سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائیں وہ از خود ریسکیو کی نگرانی کررہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں بڑے پیمانے مالی نقصان پہنچا ہے۔ حکومت فوری طور پر نقصانات کا ازالہ اور اس پریشان کن صورتحال سے نکالنے کے لئے اقدامات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں