پی ڈی ایم اے کا ادارہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے منظور نظر افراد کو نوازنے میں مصروف ہے,نیشنل پارٹی
نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں بھاگ ناڑی ،سبی بولان تربت واشک،گوادر،پسنی جیونی قلات چاغی پنجگور خضدار کوہلو سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات و مشکلات پر حکومت اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کا اندازہ ہر شخص کو تھا لیکن پھر بھی حکومت اس میں لاپروا رہی اور اس غفلت کے بدولت عوام مسائل و مشکلات کا شکار ہوگئے۔سبی اور بھاگ میں سیلابی ریلوں سے مال مویشیوں ،کاشتکاری زمینوں اور بندات کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔واشک میں عوام کے باغات و فصلات تباہ اور مکانات مہندم ہوئے کوہلو اور چاغی میں مکانات مال مویشیوں سمیت جانی نقصان بھی ہوا,لیکن حکومت و انتظامیہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔پی ڈی ایم اے کا ادارہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے منظور نظر افراد کو نوازنے میں مصروف عمل ہے۔جو کہ قابل مذمت اقدام ہے۔بیان میں کہا گیا کہ خشک سالی کے بعد باران رحمت کا سلسلہ شروع ہوا۔جس سے عوام میں مسرت کی لہر آگئ لیکن افسوس کہ بلوچستان میں حکومت نے باران رحمت کو زحمت کی طرف دھکیل دیا۔حکومت کی ناکامی سے عوام مسائل و مشکلات کا شکار ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور عوام کے لیےفوری ریلیف کے اقدامات کیجائے۔


