ٹوکیو :کورونا کے سائے میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وبا کے دوران کھلاڑیوں کی گھروں میں ٹریننگ کی ایک ویڈیو سے شو کا آغاز ہوا، جس میں گنتی کے بعد گلابی آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا۔
68 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے سٹیڈیم میں یہ تقریب جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں اور امریکی خاتون اول جِل بائیڈن سمیت محض چند سو عہدیداروں اور معزز شخصیات کے سامنے ہو رہی ہے۔کھلاڑیوں کی گھروں میں ٹریننگ کی ایک ویڈیو سے شو کا آغاز ہوا، جس میں گنتی کے بعد گلابی آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا
اولمپکس کو جاپان میں اس خوف سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ 11 ہزار کھلاڑیوں کا عالمی اجتماع وائرس کو بہت بڑے پیمانے پر پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے۔منتظمین نے وائرس کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ پہلی بار غیر ملکی تماشائیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ملکی تماشائیوں کو چند مقامات کے علاوہ تمام ایونٹس سے باہر کر دیا گیا ہے۔

ایتھلیٹس، معاون عملہ اور میڈیا سخت کورونا پروٹوکولز کے پابند ہیں، جس میں باقاعدگی سے ٹیسٹ اور روزانہ کا طبی معائنہ شامل ہیں۔
پولز میں مستقل یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاپانیوں کی اکثریت ان کھیلوں کے انعقاد کے خلاف ہے، لیکن اس تقریب سے چند گھنٹے قبل اولمپک سٹیڈیم کے باہر کافی جوش و خروش تھا، کیونکہ سینکڑوں افراد اس ماحول سے لطف اندوز ہونے اور آتش بازی دیکھنے کی امید میں جمع ہو گئے تھے۔

ایک ہزار سے کم مہمان اور عہدیدار سٹیڈیم میں موجود ہیں جبکہ ٹویوٹا اور پیناسونک سمیت متعدد اعلٰی سپانسرز شرکت نہیں کر رہے۔تقریب شروع ہوتے ہی چند سو مظاہرین نے سٹیڈیم کے باہر کھیلوں کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ ٹوکیو وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا سامنا کر رہا ہے اور ہنگامی اقدامات کے طور پر ریستوران اور بارز کو رات آٹھ بجے لازمی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں کرغزستان کی اولمپک ٹیم نے بغیر ماسک کے پریڈ کی جو باقی ممالک کی ٹیموں کے برعکس تھا جنہوں نے کورونا پروٹوکولز کے قواعد کے مطابق ماسک لگا رکھے تھے۔اس کے کچھ دیر بعد تاجکستان کی ٹیم بغیر ماسک لگائے آئی جبکہ پاکستانی ٹیم کے دو پرچم برداروں نے بھی تقریب میں شریک دیگر افراد کی طرح اپنے چہروں کو نہیں ڈھکا ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں