گاڑی چھیننے اور قتل پر ملزم کو عمر قید
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج VIIکوئٹہ جناب اشرف بلوچ نے گاڑی چھننے کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کرنے اور گاڑی چھیننے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی،عدالت نے پسٹل برآمدگی ودیگر دفعات کے تحت بھی ملزم علی رضا کو دوسال قید اور ہزاروں روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق ملزم علی رضا نے پولیس تھانہ بروری کے حدود میں گاڑی چھننے کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے گاڑی سوار کو قتل کردیا تھا اور خود گاڑی لیکر فرار ہوگئے تھے تاہم ملزم کو تھانہ کچلاک کی حدود میں گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے بعد گرفتار کرکے پسٹل برآمد کر لیا گیا تھا گزشتہ روز عدالت کے جج نے ملزم علی رضا کو گاڑی میں سوار شخص کو قتل کرنے اور گاڑی چھیننے کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی،عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید ایک سال قید بھگتنا ہوگی،عدالت نے ملزم علی رضا کو زیر دفعات 279/427کے تحت جرم ثابت ہونے پر بھی ایک سال قید اور 10ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید دو ہفتے قید بھگتنا ہوگی عدالت کے جج نے پولیس تھانہ کچلاک کے حدود میں پسٹل برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر بھی ملزم علی رضا کو ایک سال قید اور 10ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی مذکورہ کیس میں بھی عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید دو ہفتے قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔


