ہم نے نوجوان قلم کار طلباء اور محنت کش طبقے کی ہمیشہ نمائندگی کی ہے، ثناء اللہ زہری
خضدار:پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بی ایس او کے سابق مرکزی رہنماء سمیع رؤف بلوچ اور سیاسی سماجی شخصیت شہید چیف عطاء اللہ بلوچ کے فرزند چیف یاسر بلوچ نے کوئٹہ میں ملاقات کی اور باقاعدہ طورپر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پرمیر عبدالکبیر قمبر مینگل میر احمد نواز زہری میر عبدالرحمن زہری میر محمد یعقوب زہری سردارتاج محمد زہری انجینئر سعید عبداللہ آزادوڈیرہ اراباب زہری علی احمد جتک رفیق سجاد لیاقت بندیجو عبدالجبار زہری بھی موجود تھے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سمیع رؤف بلوچ اور چیف یاسر بلوچ و ان کے ساتھیوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہنا تھا ہم نے نوجوان قلمکار طلباء محنت کش اور ہر طبقہ فکر کی ہمیشہ نمائندگی و رہنمائی کی اور ان کے حقوق کے لئے جدوجہد کا حصہ رہے آئندہ بھی یہ میر اور میرے ورکرز کا مشن اور ہماری منزل رہے گی کہ جھالاوان سمیت پورے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔ ہمیشہ ایک فکر اور سوچ کے تحت عوام کی بدحالی کے خاتمے اور ان کی خوشحالی کے لئے پارلیمنٹ کا حصہ رہا اور حقیقی معنوں میں رہبری و رہنمائی کا فریضہ نبہایا اس کی گواہی خود بلوچستان کے عوام ہی دیں گے۔ کل پیپلز پارٹی میں شمولیت کرکے ہم نے ایک نئے ولولہ اور جزبے کے تحت آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بلوچستان کے سیاسی رہنماء و کارکنان رابطے میں ہیں انشاء اللہ ہمارا سیاسی قافلہ پورے بلوچستان کے طول و عرض تک پھیلے گا۔ چیف یاسر بلوچ اور سمیع بلوچ کی پارٹی میں شمولیت سے مجھے خوشی ہوئی ہے دونوں سیاسی ورکرز ہیں ان کے ایکٹوٹیز میں دیکھتا رہتا ہوں انشاء اللہ اب وہ پارٹی کو خضدار میں مذید فعال بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ یاد رہے کہ خضدار سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سمیع رؤف بلوچ اور چیف یاسر بلوچ نے حالیہ دنوں میں ایک قوم پرست جماعت سے استعفیٰ دیدیا تھااور آج انہوں نے نواب ثناء اللہ خان زہری سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔


