فواد چوہدری کا افغان سیاستدانوں اور جنرنیلوں پر ڈالرز کمانے کا الزام

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدر ی نے کہا ہے آخر افغانستان کو دئیے جانیوالے دو ہزار ارب ڈالرز کو زمین کھا گیا یا آسمان نگل گیا؟ اتنے پیسہ لگنے کے بعد افغان فوج پتوں کی طرح کیوں بکھر رہی ہے؟ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کیا ہے کہ افغانستان کے عوام تو غربت میں پس رہے ہیں لیکن افغانستان کے سیاستدان اور جرنیل ارب پتی ہیں، ان تمام کے بیرون ملک اربوں کے اثاثے ہیں، کرپشن کس طرح قوموں کو غرق کر دیتی ہے افغانستان اس کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے آٹھویں صوبے پر قبضے کے بعد افغانستان اور امریکی عوام کو افغانستان کے موجودہ حکمرانوں کے سامنے سوال رکھنا چاہئے کہ آخر افغانستان کو دئیے جانیوالے دو ہزار ارب ڈالرز کو زمین کھا گیا یا آسمان نگل گیا؟ اتنے پیسہ لگنے کے بعد افغان فوج پتوں کی طرح کیوں بکھر رہی ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں