افغانستان میں وقوع پزیر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان

آباد ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں وقوع پزیر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں وقوع پزیر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے،سیاسی تصفیہ کے لئے کوششوں کی پاکستان حمایت جاری رکھے گا،امید کرتے ہیں کہ تمام افغان فریقین داخلی سیاسی بحران حل کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانیوں کو ضروری معاونت اور مدد فراہم کررہا ہے،پاکستانی سفارت خانہ افغان شہریوں،سفارتکاروں اور عالمی برادری کو قونصلر خدمات بھی فراہم کررہا ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ پی آئی اے پروازوں کے لئے کوآرڈینیشن بھی کررہا ہے، صورتحال کے پیش نظر وزارت داخلہ میں اعلی سطحٰ بین الوزارتی سیل قائم کردیاگیا ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ سیل کے قیام کا مقصدسفارتی عملے، اقوام متحدہ کے اداروں، عالمی تنظیموں، میڈیا اور دیگر کوویزا اور آمد سے متعلق سہولیات فراہم کرنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، سفارتخانے کو بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے،افغان مسئلے کے حل کیلئے سفارتی کوششیں جاری رہنا چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال دنیا کی فوری توجہ کی متقاضی ہے،پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں ہے، بلکہ اس کا پرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر انتہائی تشویش ہے،ہم نہیں چاہتے افغانستان میں انسانی بحران جنم لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں