جلال آباد، افغان قومی پرچم کے حامی مظاہرین پر مجاہدین کی فائرنگ،3ہلاک
کابل :افغانستان کے شہر جلال آباد میں افغانستان کا قومی پرچم لگانے پر مصر مجمع پر طالبان جنگجوؤں کی فائرنگ سے کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جلال آباد کی مرکزی شاہراہ کے اہم اور مصروف ترین اسکوائر پر میں طالبان نے افغانستان قومی جھنڈا اتار کر امارات اسلامی سفید جھنڈا لہرا دیا جس پر شہریوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طالبان کی فائرنگ میں 3 شہری ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔خبر رساں ادارے نے دو عینی شاہدین اور ایک سابق پولیس اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقامی لوگ شہر کے ایک چوراہے پر قومی پرچم لگانا چاہ رہے تھے۔افغانستان میں موجودہ قومی پرچم کے حق میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن میں احتجاج کرنے والے افراد موجودہ پرچم کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔


