موجودہ بحران میں پارلیمان اور عوام کے منتخب نمائندوں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، صادق سنجرانی

اسلام آباد،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال اور پارلیمانی نظام کا ر میں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ بحران میں پارلیمان اور عوام کے منتخب نمائندوں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اہم قانون سازی زیر التوا ہے تاہم سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے موجودہ قوانین اور قواعد وضوابط کا جائزہ لینا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر تجویز دی کہ سینیٹ کی کمیٹی برائے قواعد وضوابط و استحقاق اس مسئلے کا تفصیلی جائزہ لے گی اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سینیٹ کے اجلاس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ممکنہ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے پارلیمان کو اپنی تجاویز مرتب کرنا ہوں گی اور بجٹ سے متعلق بھی معاملات کا جائزہ لینا ہوگا۔ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا جو کہ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا اور اس اجلاس کی تجویز چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دی تھی۔اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹرز مشاہد اللہ خان، ستارہ ایاز، بیرسٹر محمد علی سیف، سجاد حسین طوری، انوارالحق کاکڑ، اورنگزیب خان اورکزئی، جمال دینی، سراج الحق،مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی، سیکرٹری سینیٹ ڈاکٹر اختر نذیر نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق،سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر عثمان خان کاکڑ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شر یک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں