صرف پیپلز پارٹی کے دور میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوتا ہے، بلاول بھٹو
گھوٹکی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی روزگار دلواتی ہے جب کہ میاں صاحب اور خان صاحب کے ادوار میں عوام کو روزگار سے محروم کیا جاتا ہے، جب امیر آدمی کے بجائے عام آدمی کو معاشی فوائد پہنچائے جائیں تو معیشت کو فائدہ ہوتا ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اوباڑو کے علاقے بشیرآباد میں سینیٹر جام مہتاب ڈہر کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،بلاول بھٹو زرداری کو آمد پر سینیٹر جام مہتاب ڈہر کی جانب سے سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی، بلاول بھٹو سے اوباڑو کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ پارٹی رہنماؤں و کارکنان نے بھی ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سید ناصر حسین شاہ اور مکیش چالہ بھی موجود تھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے دور میں ملازمتیں حاصل کرنے والے 20ہزار لوگوں کو برطرف کردیا گیا ہے، حالانکہ ان تمام افراد کو پارلیمنٹ کی جانب سے بحال کیا گیا تھا،چیئرمین پی پی نے کہا کہ جب پی پی اقتدار میں آتی ہے تو لوگوں کی تنخواہوں و پنشن میں اضافہ ہوتا ہے جب کہ میاں صاحب اور خان صاحب کے ادوار میں ایسا نہیں ہوتا،انہوں نے کہا کہ جب امیر آدمی کے بجائے عام آدمی کو معاشی فوائد پہنچائے جائیں تو معیشت کو فائدہ ہوتا ہے، چونکہ اگر عام آدمی کے بجائے امیر آدمی کو فوائد پہنچائے جائیں تو وہ سرمائے کو خرچ کرنے کے بجائے محفوظ کرلیتا ہے جس سے معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا۔


