دیوارِ چین کے 10نئے سیاحتی روٹ متعارف
بیجنگ:چین کے دارالحکومت بیجنگ نے عظیم دیوارِ چین کے 10نئے سیاحتی روٹ متعارف کروا دیئے ہیں جس سے لوگوں کو عظیم دیوار کی ثقافت کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔بلدیاتی انتظامیہ برائے ثقافتی ورثہ کے مطابق نئے روٹس میں 9 دیہات اور نیشنل گریٹ وال کلچرل پارک کے 27 سیاحتی مقامات کا احاطہ کرتے ہوئے بیجنگ میں عظیم دیوار کے بڑے حصوں جویونگ گوان، بادالنگ اور موتیان یو کو منسلک کیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق ثقافتی ورثہ، انقلابی تاریخ اور سرسبز ماحولیاتی نظاروں کی خاصیت کے ساتھ یہ روٹس عظیم دیوار کی ثقافت کی ایک جھلک پیش کرینگے۔نئے روٹس کی نقاب کشائی بیجنگ گریٹ وال ثقافتی میلہ کا ایک حصہ تھی۔عظیم دیوار چین کی مجموعی لمبائی 20 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے اور متعدد باہم منسلک دیواروں پر مشتمل یہ عظیم دیوار یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ میں شامل ہے۔ بیجنگ کے علاقے میں مجموعی طور پر 520 کلومیٹر پر محیط عظیم دیوار کے سیکشن موجود ہیں جن میں سے سیاح سب سے زیادہ بادالنگ سیکشن کا دورہ کرتے ہیں۔


