چینی باشندوں اور کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرینگے، گوادر کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جام کمال

اسلام آباد/کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ گوادر سی پیک کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے گوادر چین کے مغربی حصے کو بحر ہند اور خلیجی خطے سے جوڑنے کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے حکومت بلوچستان صوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور چائنیز کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی میڈیکل کالج تک اپ گریڈیشن کی منظوری خوش آئند ہے سی پیک منصوبوں اور صوبے میں چینی سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے دسویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ گوادر سی پیک کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے گوادر چین کے مغربی حصے کو بحر ہند اور خلیجی خطے سے جوڑنے کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے۔ہمارے پاس ایشیا میں تانبے، سونے، کرومائٹ اور کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔چینی کمپنیاں پہلے ہی بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں کام کر رہی ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ بلوچستان میں سی پیک پروجیکٹس روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں بلوچستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں اور چائنیز کمپنیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ نئی اراضی لیز پالیسی کا اعلان کیا ہے جبکہ نجی شعبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ متعارف کرایا ہے۔انہوں نے کہاکہ توانائی، کانکنی، ماہی گیری اور سیاحت کے شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ہم اپنے چینی دوستوں کوان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے خاص طور پر سڑکوں اور ریلوے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کی ضرورت ہے گوادر کو خضدار اور کوئٹہ سے بذریعہ ریل منسلک کرنے سے گوادر پورٹ کو تجارتی طور پر قابل عمل کمرشل بندرگاہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی میڈیکل کالج تک اپ گریڈیشن کی منظوری خوش آئند ہے سی پیک منصوبوں اور صوبے میں چینی سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں