شہزادہ محمد بن سلمان کی کزن شہزادی بسمہ بنت سعود کہاں ہیں؟
لندن :شہزادہ محمد بن سلمان کی کزن شہزادی بسمہ بنت سعود اس وقت کہاں ہیں ، اورکس نے مدد کے لیےمجبورکیا اہم خبرسےشاہی محلات لرزاٹھے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی اہم ترین شہزادی 56 سالہ بسمہ بنت سعود گزشتہ سال مارچ میں اچانک لاپتہ ہوگئی تھیں اور بعد ازاں یورپی و امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ممکنہ طور پر سعودی حکومت نے نظر بند کردیا ہوگا۔
ایک سال تک لاپتہ اور خاموش رہنے کے بعد اب شہزادی بسمہ بنت سعود کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے سعودی عرب کی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق پراسرار طور پر لاپتہ ہوجانے والی 56 سالہ شہزادی بسمہ بنت سعود نے اپنی ٹوئٹ میں سعودی عرب کے فرماں رواں اور ولی عہد سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قید میں رہنے کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سعودی شہزادی نے اپنے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ انہیں سعودی عرب کے الہیئر نامی جیل میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کی صحت خراب ہو رہی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق اپنی مختصر ٹوئٹ میں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرماں روا شاہ سلمان سے اپیل کی کہ وہ ان کے معاملے کو دیکھیں اور اس پر نظرثانی کرکے انہیں باہر نکلنے اور علاج کی اجازت دیں۔ سعودی شہزادی کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا تاہم اس حوالے سے تاحال سعودی حکومت نے کوئی جواب نہیں دی
خیال رہے کہ شہزادی بسمہ بنت سعود، سعودی عرب کے بانی عبدالعزیز بن عبدالرحمٰن آل سعود کے بڑے صاحبزادے اور سعودی عرب کے سابق بادشاہ سعود بن عبدالعزیز آل سعود کی صاحبزادی اور حالیہ فرماں روا کی بھتیجی ہیں۔ شہزادی بسمہ بنت سعود شہزادہ محمد سلمان کی کزن ہیں اور ان کی چند سال قبل ہی طلاق ہوئی تھی۔
شہزادی بسمہ کے حوالے سے گزشتہ برس نومبر میں جرمن نشریاتی ادارے ڈاوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سعودی عرب میں انسانی حقوق اور بہتر قوانین بنانے کے لیے متحرک رہنے والی شہزادی بسمہ بنت سعود کو آخری بار مارچ 2019 میں دیکھا گیا تھا۔
اس بات کے قوی امکانات موجود ہیں کہ بسمہ بنت سعود کو ان کی جواں سالہ بیٹی سمیت حکومتی ایما پر نظر بند کرلیا گیا ہوگا اور ایسا ممکن ہی نہیں کہ حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو شہزادی کے لاپتہ ہونے کا علم نہ ہو۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شہزادی بسمہ بنت سعود کی کچھ عرصہ قبل طلاق ہوگئی تھی اور اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ ممکنہ طور پر انہیں بچوں کی کفالت اور جائیداد کی وراثت کے اندرونی تنازع کی وجہ سے بھی نظر بند کیا گیا ہو