مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، عبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ صورتحال یونہی رہی تو ملک سے غریبوں کا نام و نشان مٹ جائے گا، مہنگائی کے ستائے غریب عوام آج خودکشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں، عمران حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی اور نہ ہی عوام کو اب تک کوئی ریلیف دے سکی ہے، عمران خان فی الفور استعفی دیں کیونکہ انہو ں نے اقتدار میں آنے سے قبل جو بھی وعدے کئے تھے وہ پورے کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ عمران خان نے روز اول سے ہی غریب عوام کو مہنگائی کے اژدھے کے سامنے ڈال دیا ہے۔ عمران خان کے تین سالہ اقتدار کے دوران مہنگائی کئی گنا بڑھی اور رکنے کا نام نہیں لے رہی، اب جب ساری دنیا نے عمران خان کی حکومت سے ہاتھ کھینچ لیا ہے تو انہوں نے پاکستان کے غریب عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی ہے، کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں میں روز بروز اضافے نے عام اور غریب آدمی کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔ ملک اس وقت ٹیکس پر چل رہا ہے، غریب لوگوں کی چیخ نکل گئی ہے۔ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دال، چینی، گھی سمیت کھانے پینے کی اشیاجو کہ غریب عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا گیا جو غریب کی پہنچ سے دو ہوتی جا رہی ہیں۔ غریب لوگ اس ہوشربامہنگائی کے ہاتھوں خودکشیوں پر مجبورہوگئے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید ٹیکس لگا کر مہنگائی کو آسمان تک پہنچا دیا گیا ہے۔ صورتحال یونہی رہی تو پاکستان سے غریب کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی نااہل حکومت فی الفور مستعفی ہوجائے ورنہ عوام کے غیض و غضب سے عیاش حکمران طبقہ بچ نہیں پائے گا۔


