جام صاحب خود چکن کھارہے ہیں ساتھیوں کو بھنڈی کھلاتے ہیں،نواب رئیسانی
کوئٹہ: چیف آف سراوان، رکن صوبائی اسمبلی و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ جام کمال کو قائد ایوان کہنے والوں نے جام کمال کا قاعدہ پھاڑ دیا ہے، جام کمال خود چکن کھائیں گے اور ساتھیوں کو بھنڈی کھلائیں گے تو ساتھی ناراض تو ہوں گے، جام صاحب تبلیغ میں چلے جائیں ان کی پانی اور کھجور کی ذمہ داری میری ہے، جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتمادکے مسئلے پر اپوزیشن اراکین جو فیصلہ کریں گے ان کا ساتھ دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم رئیسانی نے حسب روایت طنزیہ انداز میں میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ جام صاحب خود چکن کھاتے ہیں اور ساتھیوں کو بھنڈی کھلاتے ہیں جو بندہ خود چکن کھائے اور ساتھیوں کو بھنڈی کھلائے تو اس کے ساتھی ناراض تو ہوں گے۔جو لوگ جام کمال کو قائد ایوان سمجھتے تھے انہوں نے جام کا قاعدہ پھاڑ دیا۔ جام صاحب وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے کر تبلیغ میں جائیں ان کے پانی اور کھجور کی ذمہ داری میری ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کے ساتھ ہوں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے میں ان کا ساتھ دوں گا۔


