حکومت بلوچستان نے کسی کو وزارت یا پیسوں کی پیش کش نہیں کی، کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے، ضیاء لانگو
کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء لانگو نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے کسی کو وزارت یا پیسوں کی پیش کش نہیں کی ہے اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے،اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کو سامنے دیکھتے ہوئے الزامات لگارہی ہے،وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہوگی۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ بعض ارکان اسمبلی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ پیسوں کے ذریعے ارکان اسمبلی کو خریدنا چاہتی ہیں لیکن آج تک یہ ثابت نہیں کیا کہ کس کو پیسے دیئے جارہے ہیں اگر پیسے کا استعمال ہوتا تو حکومت ایک بندہ تو لاچکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بات چیت کے ذریعے ناراض ارکان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر پانچ ارکان اسمبلی اغواء یا حبس بے جا میں ہوتے تو ان میں سے کسی کی فیملی تو سامنے آتی دو ارکان اسمبلی نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وہ اپنے ذاتی کاموں کی وجہ سے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ ارکان اسمبلی تحریک عدم اعتماد سے الگ ہونا چاہتے ہیں اپوزیشن جماعتیں تحریک عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوتے ہوئے دیکھ کر الزامات لگارہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میرضیاء لانگو نے کہا کہ انشاء اللہ 25اکتوبر کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکامی سے دوچار ہوگی۔


