ورلڈٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

شارجہ (انتخاب نیوز)ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کرلی،پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر134 رنز بنا سکی،پاکستان نے ہدف 18.4اوورز میں پورا کرلیا،عماد وسیم آؤٹ ہوئے تو میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا محسوس ہونے لگا تاہم شعیب ملک اور آصف علی نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا،جانب سے حارث رؤف نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف مین آف دی میچ قرار پائے۔ منگل کو شارجہ میں کھیلے گئے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر بہترین باؤلنگ لرتے ہوئے پہلا اوور میڈن کرایا تاہم اس کے بعد اوپنرز ڈیرل مچل اور مارٹن گپٹل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔چھٹے اوور میں کپتان بابراعظم فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو باؤلنگ پر لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر گپٹل کو بولڈ کردیا جنہوں نے 17 رنز بنائے۔میچ کے نویں اوور کی پہلی گیند پر مچل نے عماد کو چھکا مارا تاہم اگلی ہی گیند پر دوبارہ چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، مچل نے 27 رنز بنائے۔رن ریٹ میں اضافے کے لیے نیوزی لینڈ نے جیمز نیشام کو اوپر کے نمبروں پر ترقی دی تاہم محمد حفیظ نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر انہیں چلتا کردیا۔حفیظ کے اگلے اوور میں کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا تاہم ریویو میں صاف واضح تھا کہ گیند ان کے بلے سے لگنے کے بعد پیڈ سے ٹکرائی تھی لہٰذا انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔شاداب کے ایک اوور میں ڈیون کونوے نے تین چوکے لگا کر اسکور کو 90 تک پہنچایا لیکن اگلے اوور کی پہلی گیند پر حسن کی ڈیریکٹ تھرو پر 25 رنز بنانے والے کیوی کپتان ولیمسن رن آؤٹ ہو گئے۔پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حارث رؤف کو چھکا لگانے کی کوشش میں 27 رنز بنانے والے ڈیون کونوے باؤنڈری پر بابر کو کیچ دے بیٹھے۔ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حارث رؤف نے ایک گیند بعد گلین فلپس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ٹم سیفرٹ نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر ان کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر بھی وکٹ حاصل کی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 134 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ حسن علی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا ہے اور ٹیم کو پانچ اوورز میں 28 رنز بنائے۔چھٹے اوور کی پہلی گیند پر ٹم ساؤدھی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بابر اعظم کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 9رنز بنائے۔تم ساؤدھی نے بابر کو آؤٹ کر کے ٹی20 کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی۔فخر زمان نے اش سودھی کو چھکا لگایا لیکن پھر انہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، فیلڈ امپائر نے فخر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جس پر بائیں ہاتھ کے بلے باز آؤٹ قرار پائے۔محمد حفیظ کی اننگز بھی 11 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور ڈیون کونوے نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اش سودھی کی گیند پر رضوان بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔عماد وسیم بھی پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے تاہم 12 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد ساؤدھی کی وکٹ بن گئے۔عماد وسیم آؤٹ ہوئے تو میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا محسوس ہونے لگا کیونکہ پاکستان کو 31 گیندوں پر فتح کے لیے 48 رنز درکار تھے۔اس مرحلے پر شعیب ملک اور آصف علی نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔آصف علی نے ٹم ساؤدھی کو لگاتار دو چھکے لگائے جبکہ شعیب ملک نے سینٹنر کی جانب سے کرائے گئے 18ویں اوور میں 15 رنز بٹورے۔آصف علی نے بولٹ کو بھی شاندار چھکا جڑ کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کردی اور قومی ٹیم نے 8 گیندوں قبل ہی میچ میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، آصف علی نے بارہ گیندوں پر 27رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون میدان میں اتاری۔میچ سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرار تھے لیکن وہ میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب رہے تاہم نیوزی لینڈ کو میچ سے قبل بڑادھچکا لگا ہے اور فاسٹ باؤلر لوکی فرگیوسن انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔
Final-26-12

اپنا تبصرہ بھیجیں