افغان اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت افسوس ناک ہے، بھارت
نئی دہلی :بھارت نے کہا ہے کہ 10نومبر کو مجوزہ نئی دہلی افغان میٹنگ کے حوالے سے پڑوسی ملکوں کی دلچسپی کافی حوصلہ افزا ہے، تاہم پاکستان کا عدم شرکت کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔ اس اجلاس میں طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں امن اور سیکورٹی کی صورت حال پر غوروخوض کے لیے بھارت پڑوسی ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کی ایک میٹنگ 10نومبر کو نئی دہلی میں منعقد کررہاہے۔ اس میں روس، ایران اور پانچ وسط ایشیائی ممالک قازقستان، تاجکستان، کرغزستان، ازبکستان اور ترکمانستان نے اپنی شرکت کی تصدیق کردی ہے۔بھارت کے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کی صدارت میں اس مجوزہ میٹنگ میں چین اور پاکستان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ چین نے فی الحال کوئی جواب نہیں دیا لیکن پاکستان نے اس میٹنگ میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں 10نومبر کو مجوزہ افغان میٹنگ کے حوالے سے متعدد ملکوں کی جانب سے جس طرح کا حوصلہ افزا ردعمل سامنے آیا ہے وہ اس بات کا مظہر ہے کہ افغانستان میں امن اور سیکورٹی کے فروغ کے لیے علاقائی کوششوں کے حوالے سے بھارت کے کردارکو کتنی اہمیت دی جاتی ہے۔بھارتی ذرائع نے تاہم کہاکہ پاکستان کا فیصلہ افسوس ناک تو ہے لیکن اس سے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے۔


