چین کا بھارت کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق مذاکرات میں شرکت سے انکار
بیجنگ: چین کا بھارت کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کی میزبانی میں افغانستان کے حوالے سے خطے کی سیکیورٹی پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت سے انکار کے چند دنوں بعد چین نے بھی شرکت سے منع کردیا چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے مذاکرات کے شیڈول کو وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کے لیے مذاکرات میں شرکت کرنا دشوار ہے۔معمول کی بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ‘ہم پہلے بھارت کو اپنا جواب دے چکے ہیں۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی میزبانی میں 10 نومبر کو افغانستان پر دہلی ریجنل سیکیورٹی ڈائیلاگ ہوگا، جس کی صدارت بھارتی قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت دوول کریں گے۔بھارت کی خارجہ امور کی وزارت کے مطابق‘اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی اور عوام کی مدد کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ امن، استحکام اور خوش حالی کو فروغ ملے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 7 ممالک نے ان مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں ایران، قازقستان، کرغیزستان، روس، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔


