بلوچستان میں 56لاکھ 40ہزار بچوں کوخسرہ اور روبیلا ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی
کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں وویمن پارلیمنٹرین فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں 15سے 27نومبر تک خسرہ اور روبیلا سے بچاو کی ویکسی نیشن اپنی نوعیت میں دنیا کی سب سے بڑی مہم ہے جس کے دوران نوماہ سے 15سال تک کی عمر کے نو کروڑ سے زائد بچوں کو ملک بھر میں ویکسین لگائی جائے گی بلوچستان میں 56لاکھ 40ہزار بچوں کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے، یہ بات انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خسرہ اور روبیلا کی ویکسینیشن کے لئے اقدامات کو موثر بنایا گیا ہے اور اس ضمن میں پیشگی حکمت عملی مرتب کی جاچکی ہے صوبے کے 34اضلاع کے سرکاری نجی اسکولوں اور مدارس میں 13لاکھ 60ہزار بچے زیر تعلیم ہیں ان بچوں سمیت مجموعی طور پر 56لاکھ 40ہزار بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچا کی ویکسین لگائی جائیگی، اس مقصد کے لئے 6ہزار آٹھ سو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ہر ٹیم چار اراکین پر مشتمل ہوگی جس میں ایک ٹیم اسسٹنٹ، ایک اسکلڈ پرسن اور دو سوشل موبلائزر شامل ہونگے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران پاکستان میں ان بیماریوں کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس سے ہزاروں بچے متاثر ہوئے ہیں اور اموات بھی ہوئی ہیں اس لئے بچا کیلئے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی لازمی ہے بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں گذشتہ چند سالوں سے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں ہر بچے تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جارہی ہے تاکہ ان بیماریوں کی روک تھام مستقل بنیادوں پر کی جاسکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عالمی ادارہ برائے صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ اور یونیسف پاکستان کی سربراہ ایڈا گرما کی خصوصی دلچسپی اور توجہ سے صوبے میں خسرہ، روبیلا اور کوویڈ سمیت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے غیر معمولی تعاون حاصل رہا ہے بلوچستان میں کل 15نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ اور روبیلا مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے پیشگی حکمت عملی مرتب کرکے اقدامات کو موثر بنایا ہے اور انشا اللہ بلوچستان میں اس قومی مہم کے طے شدہ اہداف کو مقررہ وقت پر حاصل کرلیا جائیگا۔


