بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سیل کے ملازمین کی 10 ماہ سے تنخواہ بند کرنے سے متعلق حکام سے جواب
کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سیل کے ملازمین کی 10 ماہ سے تنخواہ بند کرنے سے متعلق حکام اور سرکاری وکیل کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل بینچ نے بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سیل کے ملازمین کی 10ماہ سے تنخواہ بند کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 10 ماہ سے 44 ملازمین کی تنخواہ بند کردی گئی ہے۔ ریگیولر کرنے کے لیے دائر درخواست کے بعد انتظامیہ نے تں خواہ بند کردی ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے حکام پیش نہیں ہوئے اور سرکاری وکیل بھی غیر حاضر رہے۔ عدالت نے حکام اور سرکاری وکیل کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت 21دسمبر تک ملتوی کردی۔


