کوئٹہ شہر سے کرش پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کئے جائیں،کمشنر کوئٹہ ڈویژن

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر سے کرش پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کئے جائیں اس کے علاوہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے روک تھام کے لئے کرش پلانٹس کو باہر اور موزوں جگہ پر منتقل کرنے کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر میں کرش پلانٹس کی بندش اور منتقلی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ یاسر بازئی، ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ عبدالولی کاکڑ، ڈائریکٹر معدنیات عبدالغفار، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل بابر خان کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران میں محمد ابراہیم، انجینئر محمد خان، انجینئر آصف علی، علی رضا۔ کرش مالکان میر حسیب لہڑی اور ڈاکٹر مجیب اللہ بھی موجود تھے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئٹہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس سلسلے میں عدالت کے حکم پر تمام کرش پلانٹس کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ لوگوں کے کاروبار اور روزگار کے تحفظ کے لیے کوئٹہ شہر سے باہر کرشنگ کے لیے موزوں جگہ کے حوالے سے سروے کیا جائے تاکہ ماحول بھی درست ہو اور روزگار بھی چلتا رہے۔ اس سلسلے میں پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے اپنی رپورٹ پیش کریں جبکہ ایسا طویل مدتی پلان ترتیب دیا جائے جس سے مستقبل میں دوبارہ مسئلہ پیدا نہ ہو۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کرش پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے تمام عوامل کو مدنظر رکھ کر لائحہ عمل اپنایا جائے اور متبادل جگہ کا بندوبست کیا جائے اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے کرشنگ سائٹس کے حوالے سے مکمل سروے کرکے موزوں جگہ منتخب کریں جس پر عمل درآمد کر کے کوئٹہ شہر سے آلودگی کا خاتمہ اور لوگوں کے روزگار کا مسئلہ حل ہو سکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ میں ماحولیاتی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اس کی روک تھام انتہائی ضروری ہے لہذا تمام اسٹیک ہولڈرز اس حوالے سے اقدامات اٹھا ئیں اجلاس میں کرش پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کرتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کرش پلانٹس کی منتقلی کے حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کرکے جلد از جلد پیش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں