صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کیس میں مفرور ملزم سات ماہ بعد بھی گرفتار نہ ہوسکا

کوئٹہ:شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کیس میں مفرور ملزم سات ماہ بعد بھی گرفتار نہ ہوسکا۔ حکومت اور پولیس کے اعلی حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ گرفتار ملزمہ بھی بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا ہوگئی۔ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے والدڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے بتایا کہ ان کے بیٹے مقامی روزنامہ کے رپورٹر و سب ایڈیٹر عبدالواحد رئیسانی شہید کو چوبیس اپریل 2021کو گیارہویں رمضان المبارک کی شب گھر سے دفتر جاتے ہوئے قمبرانی روڈ پر فائرنگ کرکے شہید کیا گیا واقعہ کی تحقیقات کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک ملزمہ چار ماہ بعد، بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا ہوگئی،اس کی رہائی پولیس کی جانبدارانہ تحقیقات کا نتیجہ ہے،تاہم پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم قرار دیا جانے والا ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا اور نہ ہی پولیس اسکا کھوج لگانے میں کامیاب ہوسکی محض ہمیں تسلیاں دینے کے لئے بلند و بانگ دعوے کئے گئے جو دھرے کے دھرے رہ گئے۔انہوں نے کہاکہ واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ چار ماہ بعد ہی ملزمہ ضمانت پر رہا ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں