وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں سے کورونا روکنے کے دور رس نتائج برآمد ہوئے عثمان ڈار


سیالکوٹ :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کی قائدانہ صلاحیتوں کاہی یہ نتیجہ ہے کہ پاکستان میں کوروناوباء کوپھیلنے سے روکنے کیلئے جوبھی اقدامات کئے گئے ان کے دورس نتائج برآمدہوئے ہیں،انہوں نے مزیدکہاکہ عمران خان قوم کاوہ واحدحکمران ہے جوقوم کے دکھ دردکواپنے سینے میں محسوس کرکے تنہائی میں اللہ کے حضورسجدے میں گرکررحم مانگتاہے ایسالیڈرنصیبوں والی قوم کومیسرہوتاہے جبکہ پاکستانی قوم اس معاملے میں خوش نصیب ترین ہے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) مستنصر فیرو ز اعوان،چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی، خواجہ انور خاور بھی موجود تھے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت سیالکوٹ کے صنعت کاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ جبکہ ایس او پیز کے ساتھ سیالکوٹ انڈسٹری کو کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں میں خود اپنے حلقہ اور عوام کیلئے ہر وقت موجو د ہوں،اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے حلقہ این اے 73کے عوام کی ہر ممکن خدمت کررہے ہیں، ٹائیگر فورس بھی متحرک ہو رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات آگے آئیں اور نادار ضروت مند لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی پاکستان کوروناوائرس کو شکست دینے والے ممالک فہرست میں شامل ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وباکے خلاف حکومت نے اپنے طبی نظام کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے، مہلک وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کورونا وائرس جیسی وبائی مرض کیخلا ف فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابل تحسین ہیں،

اپنا تبصرہ بھیجیں