بحرین کیساتھ مضبوط دفاعی اور معاشی تعلقات ترجیح ہیں،آرمی چیف
راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، مضبوط دفاعی، سفارتی اور معاشی تعلقات ہماری ترجیح ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کی کنگ حماد یونیورسٹی ہاسپٹل کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر شیخ شیخ سلمان بن عطلیۃ اللہ الخلیفہ نے ملاقات کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ہیلتھ کیئر کے امور پر بات کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کی کوویڈ19 کے جامع خاتمہ کے حوالے سے عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈمیڈیکل سائنسز اسلام آباد کی تعمیر کیلئے بحرین کی معاونت کو سراہا۔معزز مہمان نے کوویڈ19کے کنٹرول کے لئے پاکستان کی کوششوں اور افغان صورتحال اور علاقائی استحکام میں کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ ہرسطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


