گوادر دھرنے سے اظہاریکجہتی کیلئے بلوچستان بھر میں احتجاج وریلیاں

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ہدایت پر ملک بھر میں ”یوم یکجہتی بلوچستان“منایاگیا جبکہ بلوچستان میں گوادر دھرنے سے اظہاریکجہتی اور حق دوتحریک کی کامیابی،حکومتی بے حسی،ظلم وجبر اورلاقانونیت وبے انصافی کے خلاف کوئٹہ،لورالائی،نوشکی،قلعہ سیف اللہ،نصیرآبادڈیر ہ مراد جمالی،جعفرآباد،ژوب،سوئی ڈیرہ بگٹی،بیلہ،خضدار،دکی سمیت دیگر اضلاع کے ہیڈکوارٹرز،پبلک مقامات پر ریلیاں،مظاہرے ہوئے،جلسے کیے گیے اورگوادرحق دو تحریک کیساتھ اظہار یکجہتی کی گئی۔کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کا احتجاجی مظاہرہ ہواجس سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر،زاہداختربلوچ،جے آئی یوتھ بلوچستان کے صدر نقیب اللہ اخوانی نے خطاب کیا۔جبکہ گوادر سے ژوب اورحب سے چمن تک حق دو تحریک کی کامیابی اورگوادردھرنے سے اظہاریکجہتی تقاریب سے جماعت اسلامی کے نائب امیر بشیراحمدماندائی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی نوشکی کے امیر حافظ مطیع الرحمان مینگل،لیاقت علی چھکڑا،پروفیسر محمدابراہیم ابڑو،لورالائی کے امیر زکریا ملازئی،قلعہ سیف اللہ کے امیر حاجی عبداللہ،مولوی عبدالمنان،ضیاء خان موسیٰ زئی،خاوند بخش،ژوب کے امیر مولاناعبدالناصرشہاب زئی،مولانا حفظ الرحمان مندوخیل،محمد انور،حافظ ہارون،دکی کے امیر مولانافضل الرحمان،مجید شاہ ناصر،بیلہ کے امیر عبدالمالک رونجہ،خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت وقت مقتدرقوتوں کوکہاکہ گوادر دو تحریک پرامن تحریک ہے اور یہ ملک وعوام کے خیر خواہ دیانت دار دین دارلوگوں کی جائز مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کی تحریک ہے اگر حکمرانوں نے دھرنے والوں کی بات نہیں سنی اور ان کے مطالبات حل نہ کیے یا خدانخواستہ حکومت کی طر ف سے طاقت کا کوئی طریقہ ازمایاگیاتوحالات حکومت اور ایجنسیوں کے بس سے باہرہوگی۔جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں کراچی سے کشمو تک چاروں صوبوں،گلگت بلتستان وکشمیر سمیت پورے ملک میں ”یکجہتی بلوچستان“منایا گیا پورے ملک کے عوام گوادر اوربلوچستان کے مظلوم عوام کیساتھ ہے۔وفاق کو بلوچستان کے ماہی گیروں،تاجروں،نوجوانوں اور عوام کیساتھ ظلم وجبر کے خاتمے کیلئے فی الفور ایکشن لیناچاہیے بصورت دیگر حالات حکمرانوں کے کنٹرول سے باہرہوجائیں گے۔ حکمران فرعون نہ بنے بلکہ عوام کا خادم بن کر ان کے جائز مسائل کو سنتے ہوئے فوری عمل درآمد کروائیں۔دھرنے والوں کے مطالبات ماننے کے بجائے غلط بیانی وجھوٹ اوریوٹرن کا سہارالیا جارہاہے اورنہتے معصوم لوگوں کے خلاف طاقت استعمال کرنے کی بات ہورہی ہے۔ الحمداللہ آج ہرپاکستانی گوادر سمیت بلوچستان کے مظلوم عوام کیساتھ ہے۔حکمرانوں کو بلوچستان کے مظلوم عوام کو روزگارتعلیم وصحت کی سہولیات فراہم کرناہوگی۔بدقسمتی حکمرانوں کی لوٹ مار،بے حسی وغفلت اور اسٹبلشمنٹ وحکمرانو ں کی گٹ جوڑکی وجہ سے بلوچستان ریگستان بناہوا ہے۔حکمرانوں نے بلوچستان میں جگہ جگہ عوام کو ازیت دینے،لوٹ مار کو دوام دینے کیلئے چیک پوسٹس بنادیے جس کی وجہ سے بلوچستان نوگوایریا بن گیا۔حق دو بلوچستان تحریک صوبہ بھر میں فعال ہورہی ہے۔ایک ماہ سے گوادرمیں حقوق کے حصول کیلئے پرامن دھرنا جاری ہے لیکن وفاقی وصوبائی حکومت،بااختیار قوتیں مذاکرات میں غیر سنجیدہ بن کر بے اختیار لوگوں کے ذریعے بے مقصدمذاکرات میں عوام کودھوکہ دیکرمعصوم مظلوم عوام کا وقت ضائع کیاجارہاہے۔حکمران طبقے کو گوادر وبلوچستان کے عوام کو ہر صورت جائز حقوق دینا ہوں گے بدقسمتی سے بلوچستان کے عوام کو حکمران انسان نہیں سمجھتے اسی وجہ سے سیکورٹی فورسزکا رویہ بھی غیروں جیساہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں