گوادر دھرنا کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے،ڈاکٹر حکیم لہڑی

تربت (نمائندہ انتخاب) بزرگ بلوچ رہنما ڈاکٹرحکیم لہڑی نے کہاہے کہ گوادر دھرنا سیاسی وجمہوری جدوجہد کاتسلسل ہے ان کے مطالبات کو سنجیدہ لیاجائے، ان خیالات کااظہار انہوں نے پیرکی شام نیشنل پارٹی کیچ کے جانب سے ڈاکٹرمالک بلوچ کی رہائش گاہ پرمنعقدہ استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ قومی و سیاسی مسائل و مشکلات کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے اور بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، مشترکہ جدوجہد کے بغیر حقوق کا حصول ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتوں نے ہمیشہ استحصالی حربے استعمال کئے لیکن تاریخ میں عظیم اقوام نے متحد ہوکر ان قوتوں کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی، انہوں نے کہاکہ گوادر دھرنا کے مطالبات کو سنجیدہ لیاجائے، سینیٹر کہدہ اکرم دشتی نے کہاکہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے مگر مقتدرہ اسے غیرسیاسی اندازمیں لے رہاہے، اس وقت گوادر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ اس بات کا واضح ثبوت اور پیغام ہے کہ عوام اب اپنے حقوق کے بارے میں شعور و آگہی رکھتے ہیں انہوں نے مزید کہا گوادر دھرنا سیاسی و جمہوری جدوجہد کا تسلسل ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ انکے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے اور ان مطالبات کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر اس کے اثرات مستقبل میں مزید خطرناک نتائج کی صورت میں سامنے آئیں گے، مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن، ضلعی صدر مشکور انور، رکن مرکزی کمیٹی محمد جان دشتی، میر انور بلیدی،رجب یاسین، معتبرشیر جان، بی ایس او پجار کے وائس چیئرمین بوہیر صالح، ضلعی جنرل سیکریٹری فضل کریم، ضلعی نائب صدر طارق بابل، تحصیل آبسر کے صدر محمد اقبال، بی ایس او پجار زونل صدر نوید تاج، تحصیل آبسر کے جنرل سیکریٹری احسان درازئی، تحصیل تربت کے جنرل سیکریٹری حاجی رحیم بخش چیف، ولی جان نعیم اور حفیظ علی بخش سمیت نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں