ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے بنگلہ دیش بن گیا ٗ جاوید ہاشمی

جہانیاں : مسلم لیگ ن کے رہنما سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مشرقی پاکستان والوں کو مؤقف بھی ووٹ کو عزت دو تھا جسے تسلیم نہ کیے جانے پر ملک دولخت ہوا،افغانستان دنیا کا ایک سب سے بڑا ایشو بن کر سامنے آرہا ہے یہاں ایک انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی طاقت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے،اپوزیشن اپنا درست رول ادا کررہی ہے لیکن میڈیا پر پابندی ہونے کی وجہ سے ان کی تشہیر نہیں ہو پاتی ہے،سمگلنگ کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے،درست احتساب کا عمل جاری ہو تو یہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں سینئر صحافی چوہدری محمد اسلم دفا مرحوم کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،ارشد جاوید چوہدری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ مشرقی پاکستان والوں کا مؤقف تھا کہ ان کے ووٹ کی عزت کو تسلیم کیا جائے لیکن یہ عزت تسلیم نہ کیے جانے پر سانحہ رونما ہوا اور ملک د ولخت ہو گیا،آج وہی مشرقی پاکستان بنگلا دیش بن کر ہم سے بہت آگے نکل گیا اس کا ایک ٹکا ہمارے دو روپے کر برابر ہے بلکہ اب تو اس کی معیشت بھارت سے بھی بہتر ہو چکی ہے،ہمارے ملک میں قائد اعظم کی تصویریں اتاری جا رہی ہیں جبکہ بنگلا دیش میں شیخ مجیب الرحمان کی تصویرں نمایاں کی جا رہی ہیں وہاں صرف ووٹ کو عزت ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان دنیا کا ایک سب سے بڑا ایشو بن کر سامنے آرہا ہے یہاں ایک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے،لوگ بھوک اور سردی سے مررہے ہیں وہاں دو وقت کی روٹی کیلئے لوگ اپنے بچوں کو فروخت کرنے کیلئے مارکیٹ میں لے آتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں