ترکی میں امریکی سفارت کار گرفتار،شامی کو جعلی پاسپورٹ بیچنے کا الزام
انقرہ:ترکی میں حکام نے لبنان میں امریکی قونصل خانے میں کام کرنے والے ایک امریکی سفارت کارکو مبینہ طور پر شامی شہری کو جعلی پاسپورٹ بیچنے کے الزام میں گرفتارکرلیا،ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو،جس کی شناخت اس کے ابتدائی حروف ڈی جے کے سے ہوئی ہے،11نومبر کو استنبول کے ہوائی اڈے پرحراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں اسے شامی شہری کو جعلی پاسپورٹ 10 ہزارڈالر میں فروخت کرنے کے شبے میں باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔اس شامی کو جعلی پاسپورٹ پرجرمنی جانے کی کوشش کے بعد پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔یہ پاسپورٹ ڈی جے کے کے نام پر جاری ہوا تھا۔بعد ازاں ترک پولیس نے سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج کی جانچ پرکھ کے ذریعے تعین کیا کہ ڈی جے کے نے اس شامی کو ہوائی اڈے پر پاسپورٹ دیا اوردونوں نے کپڑوں کا تبادلہ بھی کیا تھا۔پولیس نے سفارت کار سے 10 ہزار ڈالر کے کرنسی نوٹوں سے بھرالفافہ بھی برآمد کیا تھا۔ امریکی کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ شامی شہری کودستاویزات میں جعل سازی کے الزام میں مقدمے کی کارروائی تک رہا کردیا گیا۔انقرہ میں امریکی سفارت خانہ نے اس سفارت کار کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ پرکوئی تبصرہ نہیں کیا۔ بیروت میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔


