کوہلو میں بجلی کی غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی
کوہلو:ضلع کوہلو میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کی غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے ناصرف معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے بلکہ ضلع کے مختلف علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ہوچکا ہے شہری پانی کے بوند بوند کیلئے سرگرداں نظر آتے ہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے سب تحصیل تمبو،ملک زئی،مست توکلی فیڈر،لاسے زئی،سٹی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ عوام کیلئے در دسر بن گیا ہے بجلی کی غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹج نے ضلع میں شعبہ زراعت کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے جس سے زمینداروں کو لاکھوں روپے کے نقصانات کا سامنا ہے کوہلو کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے خبر رساں ادارے کے نمائندے کو بتایا کہ تحصیل تمبو میں گزشتہ کئی ہفتو ں سے بجلی کی سپلائی فنی خرابی کے باعث منقطع ہے جس میں معمولی سے خرابی کو دور کرنے کیلئے کیسکو حکام تیار نہیں ہیں جہاں ہائی وولٹیج تاروں کی وجہ سے کسی بھی وقت انسانی زندگی جاسکتی ہے مگر مجال ہے کہ اس حوالے سے اقدامات کئے جائیں جبکہ شہریوں نے مزید بتایا کہ وہ ماہانہ باقاعدگی سے اپنے بلیں ادا کرتے ہیں مگر اس کے باوجود کیسکو حکام پورے فیڈر کی بجلی بند کرکے ہمیں بھی بجلی فراہم نہیں کرر ہے ہیں جس سے لوگوں میں بجائے بلیں ادا کرنے کے نہ کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے انہوں نے بتایا کہ کئی ہفتوں تک بجلی کی عدم فراہمی سے اس وقت ناصرف شہریوں کو پینے کے صاف پانی کا مسئلہ درپیش ہے بلکہ مساجد میں وضو کے لئے پانی نہ ہونے سے نمازیوں اور گھروں میں خواتین کو خانہ داری میں بھی شدید دقت کا سامنا ہے مگر یہاں سننے والا کوئی نہیں ہے جب اس حوالے سے عوام تنگ آکر سڑکوں پرنکلتے ہیں تو ضلعی انتظامیہ کا کوئی نمائندہ آکر یقین دہانی کرکے احتجاج تو ختم کرتی ہے مگر اس کے بعد یوں لگتا ہے کہ کیسکو حکام کے سامنے وہ بھی بے بس ہیں جس سے شہریوں کا اعتماد اٹھا رہا ہے اب ایک بار پھر ہمیں سڑکوں پر شدید احتجاج اور شٹرڈاؤن ہڑتال کیلئے بلاوجہ مجبور کیا جارہا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ذمہ داروں پر ہوگی کیونکہ ضلع میں سردی بڑھتے ہی درجہ حرارت منفی 2سے 3تک گرچکا ہے اس مشکل صورت حال میں بجلی نہ ہونے سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں چیف کیسکو بلوچستان،صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری،ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری افضل سے مطالبہ ہے کہ ضلع میں بڑھتے ہوئے بجلی کی غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر شہریوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


