عمران خان نے پاکستان کو برباد کر دیا،حمزہ شہباز

لاہور:پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان پر مجھے غصہ ہے کیونکہ انہوں نے نیا پاکستان بنانے کے بجائے پرانے پاکستان کو بھی برباد کر دیا ہے۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے سبز باغ دکھا کر عوام کی امیدیں توڑی ہیں، آج ملک کا گروتھ ریٹ منفی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کی حالت آج یہ ہوگئی ہے جہاں آج پہننے کو کپڑے نہیں، کھانے کے لیے کھانا نہیں، مریضوں کے لیے دوائی نہیں جبکہ ماں باپ بچوں کو جھوٹی تسلیاں دینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم پوچھتی ہے کہاں ہے سستی روٹی، کہاں ہے سستی چینی، کہاں ہے متحد پاکستان؟ آج جب باپ گھر جاتا ہے تو بچے کھانے کا پوچھتے ہیں تو کھلانے کو کچھ نہیں ہوتا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے پوری قوم کے خواب چکنا چور کیے ہیں، مہنگے مہنگے بلز آتے ہیں جس نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، بنی گالہ سے باہر نکلو عوام تمھارا محاسبہ کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے ایسے وزیر رکھے ہوئے ہیں جو مہنگائی پر الٹے سیدھے مشورے دیتے ہیں کہ روٹی آدھی کہا لو، پیٹرول کم ڈلوا لو وغیرہ، کیا یہ قوم دینے والے مشورے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور نواز شریف کو جاتا ہے، نواز شریف کو اربوں ڈالر کی پیشکش ہوئی لیکن قبول نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک کامیاب سیاستدان کے ساتھ اچھے انسان بھی ہیں جن سے میں نے سیکھا کہ اللہ کی مخلوق سے بہت کیسے کرتے ہیں، لیکن آج جب پرائم ٹائم شروع ہوتا ہے تو گالیاں دینے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے 200 ارب ڈالر لانے کا جھوٹا وعدہ بھی کیا، یہ آج کسی سیاسی پکڑ میں نہیں ہے لیکن اللہ کی پکڑ میں ضرور ہے۔واضح رہے کہ ملک میں آج قائد اعظم کا یوم پیدائش اور کرسمس کا تہوار منایا جا رہا ہے، 25دسمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی سالگرہ بھی منائی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں