ترقی یافتہ قوم بننے کیلئے جدید تحقیق پر مبنی علم و دانش کو فروغ دینا ہوگا، گورنر بلوچستان

کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ایک تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ قوم بننے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نئے ابھرتے ہوئے رجحانات کے مطابق جدید تحقیق پر مبنی علم ودانش کو فروغ دینا ہوگا ہم یہ بات فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ کل تک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے یہاں کے مقامی لوگ دیگر صوبوں کا رخ کرتے تھے مگر آج معیاری ہائیر ایجوکیشن کا حصول اپنے صوبے میں ہی ممکن ہوچکا ہے جو قابل ستائش ہے. یہ بات انہوں نے بدھ کے روز بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر احمد فاروق بازئی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پل پل بدلتی دنیا میں اپنی ترجیحات کا تعین کرنے اور اپنے قومی اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہر حوالے سے مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا. انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر قسم کی ترقی کی بنیاد ہے اور دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی ہے وہ سب تحقیق پر مبنی تعلیم ہی کے مرہونِ منت ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی نے صوبے بھر کے جوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی صوبہ کا نام روشن کیا ہے جس کیلئے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں. قبل ازیں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سید مطیع اللہ آغا اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اعجاز سنجرانی نے بھی گورنر بلوچستان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی.

اپنا تبصرہ بھیجیں