محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے نامزد

لاہور:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے اپنے چار نامزد کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے اعلان کردہ دیگر نامزد کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے وینندو ہاسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش شامل ہیں۔محمد رضوان کے بارے میں آئی سی سی نے کہا کہ انہوں نے اس سال کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ پر راج کیا۔آئی سی سی نے لکھا کہ رضوان نے صرف 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے سٹرائیک ریٹ سے حیران کن 1326 رنز سکور کیے جن میں 12 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔ وہ اپنے بلے کے ساتھ رنز بنانے کے ساتھ ساتھ رواں سال وکٹوں کے پیچھے 22 شکار کرکے چٹان کی طرح ڈٹے رہے اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی جہاں محمد رضوان تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔آئی سی سی نے مزید کہا کہ محمد رضوان نے سال کے شروع میں لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کیریئر کی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری بھی سکور کی اور کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 87 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ اپنی فارم کو جاری رکھتے ہوئے سال کا خاتمہ کیا۔ اگلے سال ایک اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آرہا ہے اور پاکستانی ٹیم کو امید ہے کہ رضوان اپنی فارم برقرار رکھیں گے۔