پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے کامیاب نہیں ہونگے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن)کاگڑھ ہے پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے پارٹی کے نظریاتی کارکن انکی سازشوں کواپنے اتحاد سے ناکام بنادیں گے،پارٹی کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پاکستان واپسی کے اعلان سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے پنڈی کے ”شیطان“ کے مسلم لیگ(ن) کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا میاں شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کی پیشکش ٹھکرادی لیکن اپنے بڑے بھائی سے بے وفاقی نہیں کی اب بھی وہ اپنے بھائی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔یہ بات پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدرو سابق اسپیکرجمال شاہ کاکڑ،نسیم الرحمن ملاخیل، نسیم اللہ اچکزئی،حیدر اچکزئی،سردار نسیم خان ترین،جہانگیرخان خروٹی،شاکر محمد حسنی،سجاد علی خان،ایس ایم پیٹرک،سلیم جبار،شین گل،وارث اچکزئی اوردیگر نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پارٹی کے 115ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوتی رہی ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) آج بھی عوام کے دلوں میں بستی ہے پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انکا پارٹی کو ختم کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعمیرنہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے اورانشاء اللہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان سے بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کریگی بلوچستان میں پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والے اپنی حرکتوں سے باز آجائیں بصورت دیگر نظریاتی کارکن انکا محاسبہ کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنڈی کے ”شیطان“ کامسلم لیگ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعمیر نہیں ہوگا پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین پارٹی قائد و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں میاں شہباز شریف نے وزرات اعظم کی پیش کش ٹھکرادی لیکن اپنے بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کئی اب بھی وہ اپنے بھائی سے انشاء اللہ بے وفائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی ملک واپسی کے اعلان سے موجودہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکارہوچکے ہیں اور وہ الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں جس سے انکی بدحواسی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کاہی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی پارٹی کے کارکن بلدیاتی اور عام انتخابات کی بھر پورتیاریاں کریں اور پارٹی قائد میاں نوا ز شریف کے بیانیے اورپارٹی منشور کو گھرگھرپہنچائیں۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ ونااہل وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ایک کروڑ نوکریاں ور 50لاکھ گھر دینے سمیت بڑے بڑے وعدے کئے اور کہا تھا کہ وہ خودکشی کرلیں گے لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے آج انہوں نے آئی ایم ایف کے پاس ملک کو گروی رکھ دیا ہے اور آئی ایم ایف کے کہنے پر گیس،بجلی، پٹرولیم مصنوعات،ادویات سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کررہے ہیں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکیڈاور نا اہل وزیراعظم عمران خان اپنے باقی وعدے چھوڑیں صرف خود کشی کرنے کااپناوعدہ پورا کردیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں اورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلم لیگ(ن) عوام کو نااہل حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں