پی ٹی آئی کے پارٹی انتخابات 2022 میں کروانے کا فیصلہ
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی)کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی 2022 میں اپنے 2015 کے معمولی ترمیم شدہ آئین کے تحت انتخابات کروائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے آئین کی تشکیل کے لیے حال ہی میں تشکیل دی گئی 21 رکنی کمیٹی کو پارٹی کا سی ای سی قرار دیا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی اپنے 2015 کے آئین میں معمولی تبدیلیاں کرے گی جس کے بعد انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی حالیہ شکست کے بعد پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا تھا۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے آئین میں ترمیم کے لیے 21 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔جس میں خیبرپختونخوا سے پرویز خٹک، محمود خان، مراد سعید، اسد قیصر، علی امین گنڈاپور شامل ہوں گے جبکہ پنجاب سے شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، فواد چودھری، خسرو بختیار، چودھری سرور، سیف نیازی، عامر کیانی اور عثمان بزدار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے کمیٹی میں جمالی صاحب، قاسم سوری اور سندھ سے عمران اسماعیل اور علی زیدی کو شامل کیا گیا ہے۔چیف آرگنائزر سمیت تمام عہدیداروں کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کے بعد نئی تنظیم سازی کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جہاں شوکت ترین نے فنانس بل کی خصوصیات کی وضاحت کی اور اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترامیم کے بارے میں قانون سازوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں ضمنی مالیاتی بل 2021 کی منظوری دی گئی، جسے بعد میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔


