کوئٹہ، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 40سے زائد دکانیں بند30افراد گرفتار

کوئٹہ:ضلعی انتظامیہ نے اسپیشل مجسٹریٹ جمیل بلوچ کی سربراہی میں شہید خالق آباد پولیس تھانہ کی حدود میں لاک ڈاؤن اور دفعہ144کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 40سے زائد دکانوں کو سیل کرکے 30افراد کو گرفتارکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نوول کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر شہر میں لاک ڈاؤن اور دفعہ144نافذ کی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کوممکن بنایاجاسکے،گزشتہ روز اسپیشل مجسٹریٹ جمیل بلوچ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کوئٹہ کے علاقے مشرق بائی پاس شہید خالق آباد پولیس تھانہ کی حدود میں کریک ڈاؤن کیا جس کے دوران لاک ڈاؤن اور دفعہ144کی خلاف ورزی کرنے پر 40سے زائد دکانوں کو سیل کردیاگیا جبکہ 30کے قریب افراد کو گرفتارکرلیاگیاہے۔اس موقع پر اسپیشل مجسٹریٹ جمیل بلوچ کاکہناتھاکہ حکومت نے عوام کے وبائی مرض سے تحفظ کیلئے لاک ڈاؤن لگایاہے تاکہ اس وبائی مرض کو مزید پھیلاؤ سے روکا جاسکے اس سلسلے میں عوام اور تاجروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔


