بھارت میں اومی کرون سےپہلی ہلاکت
راجھستان :کورونا کے بعد اومی کرون نے بھی بھارت میں تباہی مچادی ، بھارتی وزارت صحت حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ۔ مرنے والے شہری کا تعلق بھارتی ریاست راجھستان سے بتایا گیاہے ۔ بھارت میں اومی کرون سے یہ پہلی ہلاکت ہے ۔
بھارت میں اومی کرون کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک متاثرین کی تعداد 2ہزار 135 تک پہنچ چکی ہے ۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے وار بھی تھم نہ سکے ، دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا اور اومی کرون پر قابو پانے کیلئے نئی دہلی میں ہفتہ ، اتوار کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا ۔ ریاست تلنگانہ اور ممبئی میں اسکول بھی بند کردیئے گئے ۔ بھارتی ریاست پنجاب کے کچھ علاقوں میں بھی رات کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جبکہ سنیما، مالز اور ریسٹورنٹس پر 50 فیصد افراد کو اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اومی کرون کا پہلا کیس 3 دسمبر 2021 کو رپورٹ ہوا تھا۔


