جسٹس عمرعطابندیال کو چیف جسٹس تعینات کرنیکی تیاریاں شروع
اسلام آباد:وزارت قانون کی جانب سے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کیلئے سمری کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، آئین کے مطابق سینیر ترین جج کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر تعینات کیا جاتا ہے۔وزارت قانون کی جانب سے 11 جنوری بروز منگل کو جاری بیان کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے، وزارت قانون کی جانب سے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے سمری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
وزارت قانون نئے چیف جسٹس کے تقرر کی سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجے گی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون چیف جسٹس آف پاکستان کا نوٹی فکیشن جاری کریگی۔آئین کے مطابق سینیر ترین جج کو چیف جسٹس آف پاکستان بنایا جاتا ہے، جسٹس عمر عطا بندیال سپریم کورٹ کے سینیر ترین جج ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہیںگے۔واضح رہے کہ پاکستان کے 27 ویں اور موجودہ چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے۔


