جیکب آباد،سندھ سے بلوچستان آنیوالے ٹرکوں سے پولیس کی بھتہ طلبی،ڈرائیوروں نے احتجاج کی دھمکی دیدی
ڈیرہ اللہ یار: سندھ سے بلوچستان چینی آٹے اور دیگر اشیاء لانے والی ٹرکوں سے جیکب آباد میں بھتہ طلبی تاجر برادری نے جیکب آباد پولیس کے خلاف احتجاج کی دھمکی دے دی ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کو ٹیلیفون کرکے بھتہ طلب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے رپورٹ کے مطابق سندھ سے بلوچستان اشیاء خوردونوش لانے والی ٹرکوں سے جیکب آباد پولیس کی جانب سے بھتہ وصولی کا انکشاف ہوا ہے انجمن تاجران ڈیرہ اللہ یار کے صدر شمن خان عمرانی اور نائب صدر عبدالحمید ہانبھی کا کہنا ہے کہ سندھ سے بلوچستان کے شہروں ڈیرہ اللہ یار، ڈیرہ مراد جمالی، صحبت پور، سبی و دیگر شہروں کو چینی، آٹا، گھی و دیگر اشیاء لانے والی ٹرکوں سے جیکب آباد کی حدود میں قائم سندھ پولیس کے شمبے شاہ چوکی پر صدر تھانہ کی پولیس فی ٹرک 7 ہزار سے 10 ہزار روپے بھتہ طلب کر رہی ہے بھتہ نہ دینے والی ٹرکوں کو ڈیرہ اللہ یار کی حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ کردیا ہے سندھ سے روزانہ دو ڈھائی سو ٹرکیں اشیاء خوردونوش لیکر بلوچستان آتی ہیں جیکب آباد پولیس کی بھتہ خوری کے باعث تاجر برادری تنگ آچکی ہے بھتہ طلبی اور ناجائزیوں کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے انجمن تاجران نے جیکب آباد پولیس کے خلاف ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک کو بھی شکایت کی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کو ٹیلیفون کرکے بھتہ طلب کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک کو یقین دہانی کروائی ہے کہ جیکب آباد کی حدود میں اشیاء خوردونوش لے جانے والی ٹرکوں سے بھتہ طلب کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی آئندہ اشیاء خوردونوش والی ٹرکوں سے بھتہ طلبی کی روک تھام کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی جیکب آباد کو بھی اقدام اٹھانے کی سفارش کرینگے۔


