عباسی اسپتال کا تیسرا ڈاکٹر کورونا کا شکار، ایمرجنسی فوری بند

کراچی میں عباسی شہید اسپتال کے سی ایم او کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا جس پر اسپتال کی ایمرجنسی کو فوری بند کر دیا گیا ہے۔ایمرجنسی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف نے کل اپنے طور پر نجی اسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، جس کے بعد آج ان کی رپورٹ پوزیٹو آگئی ہے، جس کے بعد اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی کے ڈاکٹرز اور تمام اسٹاف کو کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کا کہا جا رہا ہے۔دوسری جانب سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے مطابق متعلقہ ڈاکٹر عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی میں ڈیوٹی دے رہا تھا۔ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے بتایا کہ ایس او پی کے تحت عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی بند کرکے جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز نے بتایا کہ اسپتال کے شعبہ حادثات کو 24 گھنٹے کے بعد کھولا جائے گاجبکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو متعلقہ وارڈ میں طبی امداد دی جائے گی۔ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے سبب ابھی تک عباسی شہید اسپتال کے 3 ڈاکٹر متاثر ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں