عمران نیازی بتائیں کہ توشہ خانے کا حساب کب قوم کو دیں گے؟حمزہ شہباز

لاہور:حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب بتائیں کہ توشہ خانے کا حساب کب قوم کو دیں گے؟اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے لاہور دھماکے کی تحقیقات اور وزیراعظم کی تقریر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات میں سیف سٹی کیمرہ ناکارہ ہونے کا انکشاف تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بارہا اس جانب حکومت کی توجہ دلانے کی کوشش کر چکا ہوں ، گزشتہ سال پنجاب اسمبلی میں پیش رپورٹ بھی 30 فیصد سے زائد کیمروں کی خرابی کا اعتراف کرتی ہے ، دیگر منصوبوں کی طرح 18 ارب کی لاگت سے لگنے والے اس عوامی منصوبے کو بھی تحریک انصاف کی نااہلی کا دیمک چاٹ گیا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ، شہباز شریف کے لگائے منصوبوں کا کریڈٹ لینے ڈھٹائی سے پہنچ جاتے ہیں ، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان اور بالخصوص پنجاب کو کاری ضرب لگائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ دھونس ، دھمکی ، عوام کی زندگی اجیرن کرنا، سیاسی انتقام اور لوٹ مار پر ہے ، گزشتہ روز بھی ایک ہارا ہوا شخص اپنی نااہلی اور بد انتظامی پر پردہ ڈالنے کے لئے لایعنی بھاشن دے رہا تھا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ شہباز شریف کو تو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے اور ہائیکورٹ کے تین ممبر بینچ سے کلین چٹ ملی ، سیاسی انتقام کے تحت بنائے گئے جھوٹے کیسز میں چار سالوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب بتائیں کہ توشہ خانے کا حساب کب قوم کو دیں گے؟ فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی چشم کشا رپورٹ پر ان کی زبان گنگ ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائے والوں کے نام پر پیسے بٹورے گئے اور اب ریاست مدینہ کا مقدس نام استعمال کر کے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے ، ملکی سلامتی داؤ پر لگانے ، معیشت کو زندہ درگور کرنے اور عوام کو مہنگائی کی کھائی میں دھکیلنے کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران خان اور ان کا نا اہل کرپٹ ٹولہ عوامی عدالت میں حساب دینے کی تیاری پکڑیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں