مکہ مکرمہ کے سواسعودی مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو میں جزوی نرمی

ریاض:سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرونا کے سبب شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کو درپیش قرنطینہ میں نرمی کے لیے بعض اقدامات کی منظوری دی ہے۔ اس سلسلے میں اتوار سے مملکت کے تمام علاقوں میں جزوی طور پر کرفیو اٹھا لیا گیا ہے تاہم مکہ مکرمہ اور سابقہ طور پر الگ تھلگ کیے گئے علاقوں میں مکمل کرفیو رہے گا۔فیصلے کے تحت بیس رمضان تک صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔سعودی خبر رساں ایجنسی (ایسی پی اے) کے مطابق نے بتایا کہ کرفیو کے اوقات میں نرمی کے دوران صحت کے قواعد و ضوابط کے ساتھ بعض اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔ اس کا مقصد سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کے لیے نرمی پیدا کرنا ہے۔ 26 اپریل 2020 ء سے مملکت کے تمام علاقوں میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کرفیو کے اوقات میں نرمی رہے گی۔ یہ نرمی بدھ 20 رمضان 1441 ہجری مطابق 13 مئی 2020 ء تک برقرار رہے گی۔ اس دوران مکہ مکرمہ شہر اور اْن تمام علاقوں میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ رہے گا جن کو سابقہ فیصلوں اور بیانات میں الگ تھلگ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔2. سابقہ مستثنی سرگرمیوں کے علاوہ بعض اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں کھولنے کی اجازت ہو گی۔ اس پر عمل درامد کا آغاز بدھ 6 رمضان مطابق 29 اپریل کو ہو گا۔ یہ سلسلہ بدھ 20 رمضان مطابق 13 مئی تک جاری رہے گا۔اس سلسلے میں باور کرایا گیا ہے کہ جن مقامات پر جسمانی سمافی فاصلے کو یقینی نہیں بنایا گیا تو وہاں کسی بھی قسم کی سرگرمی پر پابندی جاری رہے گی۔ ان مقامات میں بیوٹی کلینکس، ہیئر کٹنگ سیلونز، اسپورٹس اور ہیلتھ کلبس، تفریحی مراکز، سینیما ہاؤسز، بیوٹی سیلونز، ریستوران، قہوہ خانے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے متعین کردہ دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ کنٹریکٹرز کمپنیوں اور فیکٹریوں کو دوبارہ سے اپنی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان مقامات پر اوقات کی قید کے بغیر کام کی نوعیت کے مطابق سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ اس اجازت کا اطلاق بدھ 6 رمضان مطابق 29 اپریل سے بدھ 20 رمضان مطابق 13 مئی تک ہو گا۔شاہ سلمان نے یہ ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ صحت کے حوالے سے صورت حال کی بنیاد پر کرفیو سے متعلق کسی بھی اقدام میں ترمیم کے لیے، وزارت داخلہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے امور سنبھالے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں