چین میں سکول دوبارہ کھل گئے

چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی کئی مہینوں کی بندش کے بعد پیر کو دسیوں ہزار طلبا شنگھائی اور بیجنگ کے سکولوں کا رخ کرتے نظر آئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شنگھائی میں مڈل اور ہائی سکول کے آخری سال کے طلبا کلاس رومز میں واپس آگئے ہیں تاہم بیجنگ میں صرف ہائی سکول کے سینئر طلبا کو کیمپس میں واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ یونیورسٹی کے داخلہ امتحان کی تیاری کر سکیں۔چین نے مہلک بیماری کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے لیکن بیرونی ممالک سے آنے والے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ملک کے شمال مشرق میں انفیکشن کی دوسری لہر کے خطرات کے سبب، ملک ابھی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔ملک بھر میں جو سکول بند تھے یا جن میں آن لائن کلاسز چل رہی تھیں، ان میں تعلیم کا آغاز پچھلے مہینے ہوا۔ جبکہ کورونا وائرس کے مرکز ووہان میں ہائی سکول 6 مئی سے دوبارہ کھلنے کے لیے تیار ہیں۔چین کی وزارت تعلیم کے مطابق دارالحکومت میں طلبا کا درجہ حرارت سکول کے دروازوں پر چیک کیا جائے گا اور انھیں ایک خصوصی ایپ پر ’گرین‘ ہیلتھ کوڈ دکھانا ہوگا جو کسی شخص میں انفیکشن کے خطرے کا حساب لگاتا ہے۔وزارت کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں کچھ سکولوں نے دوبارہ کھلنے کی مشق بھی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں