اپنے فرائض دوبارہ سنبھالنے کے لیے بورس جانسن ڈاؤننگ سٹریٹ لوٹ آئے

برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی حکمتِ عملی کا چارج سنبھالنے ڈاؤننگ سٹریٹ لوٹ آئے ہیں۔وزیر اعظم، سینئر وزرا اور عہدیداروں کے ساتھ بات چیت سے قبل، کووڈ-19 سے متعلقہ امور پر صبح کابینہ کے باقاعدہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔وزیرِاعظم کی غیرموجودگی میں ان کی ذمہ داریاں سنبھالے والے سکریٹری خارجہ ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ بورس جانسن کام پر لوٹنے کے لیے پُرجوش ہیں۔بورس جانسن اتوار کی شام 10 بجے ڈاؤننگ سٹریٹ واپس پہنچے۔وزیرِاعظم میں کورونا وائرس کی تشخیص کو ایک مہینہ ہو چکا ہے۔وہ 5 اپریل سے وسطی لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ وزیرِاعظم کو تین راتوں تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا تھا۔اگرچہ سینئر وزرا سے ملاقات کے علاوہ جانسن نے گذشتہ ہفتے ملکہ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر بات کی تھی، لیکن اس دوران وہ کوئی سرکاری امور سرانجام نہیں دے رہے تھے۔آج سے وہ کل وقتی فرائض دوبارہ سنبھالیں گے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ پریس بریفنگ کی قیادت کریں گے یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں